برلن،16اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جرمن حکومت نے ایئر برلن کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے 150 ملین یورو قرض دینے کی حامی بھر لی ہے۔ اس طرح ملک کی دوسری بڑی ہوائی کمپنی فی الحال اپنی پروازیں جاری رکھ سکے گی۔ اس بجٹ ایئرلائن کی طرف سے گزشتہ روز دیوالیہ ہونے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ نقصان میں چلنے والی اس ایئرلائن کی طرف سے یہ فیصلہ اس کے بڑے شیئر ہولڈر اتحاد ایئر ویز کی طرف سے مزید رقوم فراہم کرنے سے انکار پر کیا گیا۔ گزشتہ دو برس کے دوران یہ ایئرلائن 1.2 بلین یورو سے زائد کا نقصان اٹھا چکی ہے۔ ایئربرلن کی حریف کمپنی لفتھانزا ایئرلائن کے مطابق وہ اس کمپنی کے کچھ حصے خریدنے کے لیے بات چیت میں مصروف ہے۔